معاشرتی خاموشی،جنسی مشکلات اور ذہنی بیماریوں کا بڑھتا بوجھ
✍️ آمنہ زاہد (طالب ،بی ایس کلینیکل سائیکالوجی) اور ماریہ ارسلان (لیکچرار، پی ایچ ڈی اسکالر) یونیورسٹی آف سیالکوٹ
📅 2026-02-02 18:31:08
جنسیات انسانی زندگی کا ایک بنیادی اور مستقل پہلو ہے، جو پیدائش سے لے کر بڑھاپے تک مختلف حیاتیاتی، نفسیاتی اور سماجی تبدیلیوں کے تسلسل سے عبارت ہے۔ ان تبدیلیوں کی تشکیل و ارتقاء میں تین عناصر کلیدی حیثیت رکھتے ہیں: جنسی شخصیت، جنسی رجحان اور فرد کا جنسی رویّہ۔ جنسی شخصیت سے مراد وہ فہم اور ادراک ہے جس کے ذریعے فرد اپنی جنس کو شناخت کرتا اور مخالف جنس سے امتیاز قائم کرتا ہے۔ جنسی رجحان اس کشش اور میلان کی وضاحت کرتا ہے جو فرد مخالف جنس کی جانب محسوس کرتا ہے۔ جب کہ جنسی رویّہ اس کشش اور رجحان کے عملی اظہار اور طرزِ تعامل کا مظہر ہوتا ہے۔ یہ امر قابلِ غور ہے کہ جنسیات کا مطالعہ محض جسمانی تعلقات تک محدود نہیں، بلکہ یہ انسانی تعلقات کے جذباتی، نفسیاتی، سماجی اور اخلاقی پہلوؤں کو بھی منکشف کرتا ہے۔
جسمانی اعتبار سے جنسیات کا تعلق اُن حیاتیاتی اور کیمیائی تبدیلیوں سے ہے جو انسانی جسم اور دماغ میں وقوع پذیر ہوتی ہیں، جیسے ہارمونی تغیرات اور عصبی نظام میں موجود نیوروکیمیکلز (Neurochemicals) کی کمی یا زیادتی۔ یہ تبدیلیاں فرد کی جنسی نشوونما، خواہشات اور رویّوں کو براہِ راست متاثر کرتی ہیں۔ نفسیاتی نقطۂ نظر سے جنسیات انسانی جذبات، ادراکات، خیالات اور لاشعوری عوامل سے جُڑی ہوئی ہے، جو فرد کی شخصیت، خودی (self-concept) اور بین الافرادی تعلقات پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ فرائیڈین نظریات کے مطابق جنسی توانائی (libido) شخصیت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، جبکہ جدید نفسیات اسے جذباتی ہم آہنگی، ذہنی صحت اور تعلقات کی تسکین سے جوڑتی ہے۔ سماجی سطح پر جنسیات کو وہ عوامل تشکیل دیتے ہیں جو فرد کے ماحول، مذہب، ثقافت اور معاشرتی اصولوں سے ماخوذ ہوتے ہیں۔ ہر معاشرہ جنسی اظہار کے حوالے سے مخصوص حدود و قیود متعین کرتا ہے، جن کا اثر فرد کی شناخت اور رویّے پر نمایاں ہوتا ہے۔ ان تینوں پہلوؤں—حیاتیاتی، نفسیاتی اور سماجی—کے باہمی تعامل کے نتیجے میں جنسیات نہ صرف انسانی شخصیت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے بلکہ تعلقات، اقدار اور سماجی ہم آہنگی کے ارتقاء میں بھی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔
معاشرتی خاموشی اور اس کے باعث پروان چڑھنے والی غلط تصورات :کئی معاشروں میں، بشمول ہمارے معاشرے کے، جنسیت پر گفتگو کو ایک ممنوعہ (Taboo) موضوع سمجھا جاتا ہے اور اس پر خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔ اس رویّے کی ایک بنیادی وجہ ثقافتی قدامت پسندی ہے، کیونکہ روایتی اقدار میں جنسی گفتگو کو بے ادبی اور معیوب تصور کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خاندان کے دائرے میں اس موضوع پر بات کرنے سے عموماً اجتناب کیا جاتا ہے۔ مزید برآں، یہ خدشہ بھی پایا جاتا ہے کہ جنسی تعلیم نوجوانوں کو بگاڑ سکتی ہے، حالانکہ سائنسی تحقیق اس کے برعکس حقائق پیش کرتی ہے۔اسی طرح، صنفی تعصب بھی ان مسائل کو مزید پیچیدہ بناتا ہے۔ مردوں کو اپنی جنسی خواہشات کے اظہار اور ان کے مثبت نظم و ضبط کی تربیت نہیں دی جاتی، جبکہ عورتوں کو اس موضوع پر اظہارِ خیال سے روکا جاتا ہے۔ معاشرتی سطح پر یہ بھی عام ہے کہ جنسی خواہش ہمیشہ مردوں میں زیادہ پائی جاتی ہے، حالانکہ حقیقت میں یہ ایک فطری جذبہ ہے جو دونوں جنسوں میں موجود ہوتا ہے۔نتیجتاً، نوجوان نسل شرمندگی، الجھن اور درست معلومات کی کمی جیسے مسائل کا شکار ہو جاتی ہے، جو نہ صرف ان کی ذاتی نشوونما بلکہ مجموعی طور پر معاشرتی صحت کے لیے بھی ایک چیلنج بن جاتا ہے۔
جنسیت کی تشکیل میں میڈیا کا کردار:عصرِ حاضر میں میڈیا نوجوان نسل کی رہنمائی اور ان کی فکری تشکیل میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ جنسیت سے متعلق رویّوں، خیالات اور فہم کو ترتیب دینے میں بھی میڈیا کا اثر نمایاں ہے۔ ٹیلی ویژن، ڈرامے، موسیقی، فلمیں، ویڈیوز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر آن لائن ذرائع ابلاغ تعلقات اور قربت کے حوالے سے ایسے غیر حقیقی تصورات پیش کرتے ہیں جو حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان پیغامات میں حسن و جمال کو بے داغ جسم، شفاف جلد اور غیر معمولی کشش سے وابستہ کر کے پیش کیا جاتا ہے، حالانکہ فطری طور پر ایسے معیارات کا حصول ممکن نہیں۔مزید برآں، سوشل میڈیا پر تعلقات کا ایک ’’آئیڈیل منظرنامہ‘‘ پیش کیا جاتا ہے، جس میں مسائل یا چیلنجز کی کوئی جھلک موجود نہیں ہوتی۔ حقیقت میں یہ تصور قابلِ عمل نہیں، لیکن اس کے باوجود یہ رویّے نوجوانوں کی توقعات کو غیر حقیقی سطح تک بڑھا دیتے ہیں۔ نتیجتاً، وہ خود اعتمادی کی کمی، ذہنی دباؤ اور تعلقات میں پیچیدگیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ اشتہارات اور تفریحی صنعت میں صنفی نمائندگی اکثر ضرورت سے زیادہ جنسی اظہار پر مبنی ہوتی ہے، جس کے باعث مرد و خواتین کو ایک انسانی وجود کے بجائے محض ایک شے کے طور پر دیکھنے کا رویہ پروان چڑھ رہا ہے۔ یہ رجحان نہ صرف تعلقات کی اصل معنویت اور انسانی اقدار کو کمزور کر رہا ہے بلکہ ہمارے اجتماعی (collectivistic) معاشرتی ڈھانچے کو بھی منفی طور پر متاثر کر رہا ہے۔
انسانی جنسیت اور نفسیاتی پہلو:صحت مند جنسیت (Healthy Sexuality) کا گہرا تعلق فرد کی ذہنی اور جذباتی توازن کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ جب اس جذبے کو مثبت اور صحت مند انداز میں سمت دی جاتی ہے (Healthy Channelization)، تو یہ فرد میں اعتمادِ نفس کو فروغ دیتی ہے، اپنے وجود کو قبول کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتی ہے اور بین الشخصی تعلقات (Interpersonal Relationships) کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس کے برعکس، جنسیت کو دبانے، غلط طور پر سمجھنے یا اس کے اظہار میں نامناسب طریقہ اختیار کرنے کے نتیجے میں فرد بے چینی، اضطراب، ڈپریشن، احساسِ جرم اور تعلقات میں ناکامی جیسے مسائل کا شکار ہو سکتا ہے۔مزید برآں، ایسا سماجی ماحول جہاں جنسیت کو محض شرم یا گناہ سے منسلک کیا جائے، فرد کو اپنے جذبات کو ناپاک تصور کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ کیفیت بعض اوقات ان جذبات کے غیر صحت مند اور منفی انداز میں اظہار کا باعث بنتی ہے۔ اس کے مقابلے میں، جنسیت سے متعلق درست معلومات، رہنمائی اور صحت مند اظہار فرد کی ذہنی صحت، خود اعتمادی اور داخلی سکون کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
مثبت نفسیات کی روشنی میں صحت مند جنسیت: مثبت نفسیات (Positive Psychology) جنسیت کو خوشی، بامقصد زندگی اور ذاتی نشوونما سے جوڑتی ہے۔ صحت مند جنسیت فرد کو اپنے اور شریکِ حیات کے ساتھ مثبت جذباتی تعلقات استوار کرنے، رشتوں میں اعتماد پیدا کرنے اور زندگی میں مقصدیت قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ عمل فرد کی کامیابی، ذہنی سکون اور بالآخر ایک مضبوط معاشرے کی تشکیل کا سبب بنتا ہے۔ لہٰذا اس موضوع پر درست آگاہی اور سماجی قبولیت ناگزیر ہے۔
مذہبی نقطہ نظر اورجنسی آگاہی کا تقابلی جائزہ:مذہب اور اخلاقیات انسانی زندگی کی رہنمائی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف انسان کے اعمال کے لیے حدود متعین کرتے ہیں بلکہ ان اعمال کے مقاصد کو بھی واضح کرتے ہیں۔ اسلام کے نزدیک جنسیت ایک فطری اور قدرتی ضرورت ہے، جس کی تکمیل کے لیے نکاح کو جائز اور باقاعدہ ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق انسان کا جسم اللہ تعالیٰ کی امانت ہے اور فرد اس کا نگہبان ہے۔ نکاح محض سماجی معاہدہ نہیں بلکہ اللہ کی مقرر کردہ حدود کا اظہار بھی ہے، جو فرد اور معاشرے دونوں کے لیے سکون اور ذمہ داری کا باعث بنتا ہے۔اسلامی تعلیمات میں آزادی اور اختیار کو مکمل طور پر تسلیم کیا گیا ہے، لیکن یہ آزادی اخلاقی و دینی حدود سے مشروط ہے۔ اسی تناظر میں اسلام جبری شادی، ہراسانی، ازدواجی رشتوں میں جنسی جبر اور ہر قسم کے جنسی تشدد کو حرام قرار دیتا ہے۔ اس طرح اسلام نہ صرف انفرادی آزادی کو تسلیم کرتا ہے بلکہ اسے تحفظ فراہم کرنے کے لیے واضح اصول بھی مرتب کرتا ہے۔دیگر مذاہب بھی جنسیت کے حوالے سے رہنما اصول فراہم کرتے ہیں۔ عیسائیت میں جنسیت کو پاکدامنی اور وفاداری سے منسلک کیا گیا ہے، ہندو دھرم میں اسے اخلاقی ذمہ داری کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جبکہ سکھ مت میں جنسیت کو عزت اور مساوات سے مربوط کیا گیا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ تمام مذاہب اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جنسی تعلقات کو باہمی عزت، احترام اور ذمہ داری کے ساتھ قائم کیا جانا چاہیے۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ مذہبی و اخلاقی نقطہ نظر جنسیت کو محض جسمانی یا ذاتی خواہش نہیں سمجھتے بلکہ اسے ایک مقدس ذمہ داری تصور کرتے ہیں، جو فرد، خاندان اور معاشرے کی بہتری کے لیے حدود اور اصولوں کے اندر رہ کر ادا کی جانی چاہیے۔
جنسیت، صحت اور بہبود: ترقی کی راہیں:جن معاشروں میں جنسیت سے متعلق گفتگو ممنوع سمجھی جاتی ہے، وہاں نوجوان اپنی فطری تجسس کو پورا کرنے کے لیے عموماً دوستوں اور میڈیا کا سہارا لیتے ہیں۔ اس طرزِ عمل کے نتیجے میں وہ نامکمل یا غلط معلومات حاصل کرتے ہیں جو معاشرتی سطح پر غلط فہمیوں، غیر حقیقی توقعات اور غیر صحت مند رویوں کو جنم دیتی ہیں۔ ایسے میں جنسی تعلیم محض ایک موضوع نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔ یہ تعلیم فرد کو نہ صرف جسمانی حفاظت فراہم کرتی ہے بلکہ اسے باہمی احترام اور صحت مند زندگی گزارنے کے لیے ضروری شعور اور مہارت بھی دیتی ہے۔ مزید یہ کہ جنسی تعلیم تشدد، زیادتی اور جنسی بیماریوں جیسے مسائل سے بچاؤ کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔بچوں کی سطح پر جنسی تعلیم کا مقصد انہیں یہ سکھانا ہے کہ ان کے جسم کے کچھ حصے "پرائیویٹ" ہیں جنہیں چھونا منع ہے۔ یہ بنیادی آگاہی بچوں کو استحصال اور بدسلوکی سے بچانے کے لیے پہلی دفاعی دیوار کے طور پر کام کرتی ہے۔ دوسری طرف نوجوانوں کے لیے جنسی تعلیم کے مقاصد زیادہ وسیع ہیں۔ اس مرحلے پر انہیں رضامندی کی اہمیت، ذاتی حدود کی پہچان اور جذباتی و ذہنی تیاری کے ساتھ فیصلے کرنے کی تربیت دینا لازمی ہے۔ اس طرح کی تعلیم نہ صرف انفرادی سطح پر تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ رشتوں کو زیادہ ذمہ دار اور مثبت بنانے میں بھی مدد دیتی ہے۔مؤثر جنسی تعلیم صرف جسمانی پہلوؤں تک محدود نہیں رہتی بلکہ یہ جذباتی فہم و فراست، ابلاغ میں مہارت اور اخلاقی فیصلے کرنے کی صلاحیت پر بھی زور دیتی ہے۔ یوں یہ تعلیم ایک ہمہ جہتی تربیت کا حصہ بن جاتی ہے جو فرد کو متوازن، محفوظ اور ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مستقبل کا لائحہ عمل: والدین، اساتذہ اور میڈیا کے باہمی تعاون سے صحت مند معاشرے کی تشکیل:صحت مند جنسی تعلیم کی ذمہ داری والدین، اساتذہ، کمیونٹی رہنماؤں، میڈیا اور نوجوانوں سب پر یکساں عائد ہوتی ہے۔ والدین اور اساتذہ اگر بچوں کو اعتماد دیں اور ابتدائی عمر ہی سے بلوغت اور اس سے جڑی تبدیلیوں پر درست معلومات فراہم کریں تو یہ عمل غلط فہمیوں سے بچا سکتا ہے۔ کمیونٹی اور مذہبی رہنما مکالمے کو فروغ دے کر مثبت روایات اور جدید چیلنجز میں توازن پیدا کر سکتے ہیں، جبکہ میڈیا کو چاہیے کہ منفی تصورات کے بجائے صحت مند اور حقیقت پر مبنی آگاہی فراہم کرے۔ نوجوانوں کا کردار بھی نہایت اہم ہے، انہیں مسائل کی صورت میں مستند ذرائع سے رہنمائی لینی چاہیے، حدود کا احترام کرنا چاہیے اور منفی دباؤ کو رد کرنے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہیے۔ اگر سب طبقات مثبت اور باہمی تعاون سے اپنا کردار ادا کریں تو ایک ایسا معاشرہ تشکیل پاتا ہے جو صحت مند، متوازن اور باوقار اقدار کا حامل ہوتا ہے۔
جنسیت کے معاملات میں معاشرتی خاموشی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے غلط فہمیاں اور غیر صحت مند رویے جنم لیتے ہیں۔ اس کے برعکس درست اور صحت مند معلومات فرد کو جسمانی، ذہنی اور سماجی سطح پر مضبوط بناتی ہیں۔ جب ہم اصل حقائق کو جاننے اور رہنمائی حاصل کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں تو اس سے معاشرے میں اعتماد، تعلق اور باہمی قدر کو فروغ ملتا ہے۔ اصل کامیابی اسی میں ہے کہ جنسیت کو ایک فطری حقیقت سمجھا جائے اور اسے درست سمت دی جائے تاکہ فرد اور معاشرہ دونوں متوازن اور صحت مند انداز میں ترقی کر سکیں۔