خوشی کا کھویا ہوا سفر: پاکستانی عوام کی جدوجہد
✍️ Ms. Tayyaba Tanveer and Ms. Amna Zahid (Students of BS Clinical Psychology, University of Sialkot) and Ms. Maria Arslan (PhD Scholar and Lecturer, University of Sialkot)
📅 2026-02-09 19:00:31
کیا آپ روزمرہ زندگی میں یہ سوچتے ہیں کہ آپ واقعی خوش ہیں یا نہیں؟کیا خوشی محض وقتی مسرت کا نام ہے یا ایک دیرپا ذہنی و جذباتی کیفیت ہے؟
کیا ہر انسان، حالات سے قطع نظر، خوش رہنے کا حق رکھتا ہے؟ اور سب سے اہم سوال یہ ہے کہ انسان عملی طور پر خوش کیسے رہ سکتا ہے؟
خوش رہنے کی تمنا ہر دل میں موجود ہے۔خوشی ایک کثیرالجہتی تصور ہے جسے الفاظ میں محدود کرنا آسان نہیں۔ اس کی تعبیر ہر ثقافت اور ہر فرد کے لیے مختلف ہو سکتی ہے۔ امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن (APA) کے مطابق خوشی ایک ایسا جذباتی تجربہ ہے جو اطمینان ، مسرت اور فلاح و بہبود پر مشتمل ہے۔ بعض افراد ان میں سے کسی ایک کیفیت کو نمایاں طور پر محسوس کرتے ہیں، جبکہ بعض تمام جذبات کا بیک وقت تجربہ کرتے ہیں۔
خوشی کا احساس فرد کی مجموعی نفسیاتی اور جسمانی بہبود کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ جوش اور سرشاری جیسے جذبات بہبود میں اضافہ کرتے ہیں اور فرد میں تکمیل ،تسکین اور کامیابی کے احساس کو فروغ دیتے ہیں۔تحقیقی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو خوشی دو بنیادی اجزاء پر مشتمل ہے:مثبت جذبات اور اطمینان اور بہترین کارکردگی اور اپنی صلاحیتوں کے ادراک کے عملپر ہے ۔خوشی ایک ایسا تصور ہے جو ہر فرد کے لیے قابلِ حصول ہے۔ دوسرے لفظوں میں، مناسب حالات اور رویوں کے ذریعے ہر انسان خوشی کے تجربے تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
خوشی کا تصور نفسیات اور سماجی علوم میں ایک بنیادی موضوع کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہ محض ایک وقتی کیفیت نہیں بلکہ ایک جامع نفسیاتی و سماجی تجربہ ہے جو فرد کی مجموعی فلاح اور معیارِ زندگی کو متعین کرتا ہے۔ خوشی کے احساس کا تعلق فرد کی جذباتی توازن قائم رکھنے کی صلاحیت، اور زندگی کے مختلف پہلوؤں میں کامیابی سے ہے۔ تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ خوشی کا تجربہ انسان کو قوتِ ارادی (will power)، مثبت تعلقات (positive relationships)، احساسِ کامیابی (accomplishment) اور زندگی کے لیے مقصدعطا کرتا ہے۔ مزید برآں، یہ احساس فرد کو شکر گزاری، خود سے اور دوسروں سے محبت، اور نئے زاویے کی تلاش کی ترغیب دیتا ہے، جو بالآخر ذہنی صحت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔خوشی کا تصور اس وقت اور زیادہ اہم ہو جاتا ہے جب افراد زندگی کے صدمات یا مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ تحقیقی شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ایسے افراد بھی خوشی کا تجربہ کر سکتے ہیں، تاہم ان کے لیے جذباتی توازن قائم رکھنا زیادہ چیلنجنگ ہوتا ہے، کیونکہ وہ صدماتی تجربات (traumatic experiences) کے نفسیاتی اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود، مثبت نفسیات (Positive Psychology) کے مطابق، ایسے افراد اگر مثبت احساسات کو فوقیت دیں تو وہ نہ صرف مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں بلکہ زندگی میں زیادہ گہرے اور پائیدار معنی بھی تلاش کر سکتے ہیں۔
خوشی کا تصور: ایک تاریخی و نفسیاتی جائزہ
خوشی کی تاریخ انسانی تہذیب کے آغاز تک پھیلی ہوئی ہے۔ ابتدائی ادوار میں اسے روحانی اور اخلاقی کیفیت کے طور پر سمجھا جاتا تھا۔ یونانی فلسفی ارسطو نے اپنے نظریۂ یودایمونیا (Eudaimonia) میں خوشی کو محض وقتی لذت نہیں بلکہ ایک بامقصد اور بااخلاق زندگی کے حاصل کے طور پر بیان کیا۔وقت کے ساتھ خوشی کا تصور فلسفے اور مذہب سے نکل کر سائنسی و نفسیاتی تحقیق کا حصہ بن گیا۔ مثبت نفسیات کے بانی مارٹن سیلگ مین کے مطابق خوشی بہبود، اطمینان اور مقصدیت پر مشتمل ہے۔ اسی اہمیت کے پیشِ نظر امریکی ’’اعلانِ آزادی‘‘ میں بھی خوشی کے تعاقب کو انسانی حق تسلیم کیا گیا۔ابراہم مسلو نے خوشی کو اپنی ’’ضروریات کی درجہ بندی‘‘ کے ذریعے واضح کیا، جس کے مطابق خوشی اُس وقت ممکن ہے جب انسان جسمانی، تحفظ، تعلق، عزتِ نفس اور بالآخر خود شناسی کی ضروریات کو پورا کرے۔ حقیقی خوشی خود شناسی کے درجے پر پہنچ کر حاصل ہوتی ہے، جہاں انسان اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر بامقصد زندگی گزارتا ہے۔
خوشی کے اسباب اور ذرائع
خوشی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، جو اندرونی عوامل (مثبت سوچ، خود اعتمادی، بامقصد زندگی) اور بیرونی عوامل (مضبوط تعلقات، معاشی استحکام، انصاف پر مبنی معاشرہ) سے پیدا ہوتی ہے۔خوشی کی عالمی رپورٹ 2022 کے مطابق، فن لینڈ سب سے خوش ملک ہے، جس کی بنیاد سماجی مساوات، اعتماد اور مضبوط فلاحی نظام ہے، نہ کہ صرف دولت ہے۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خوشی کا تعلق زیادہ تر اُس ماحول اور طرزِ زندگی سے ہے جو انسان کو تحفظ، تعلق، اور معنی فراہم کرے۔
اس لیے خوشی کی علامات کو پہچاننا ضروری ہے تاکہ انسان یہ جان سکے کہ وہ واقعی خوش ہے یا صرف وقتی لذت کے پیچھے دوڑ رہا ہے!!۔ ماہرینِ نفسیات کے مطابق، حقیقی خوشی اُس وقت ظاہر ہوتی ہے جب انسان متوازن، اور مطمئن محسوس کرتا ہے۔ ایسی خوشی کی علامتوں میں شکرگزاری، خود سے مہربانی، دوسروں کے لیے ہمدردی، اور جذباتی ہم آہنگی شامل ہیں۔ خوش انسان عام طور پر زندگی کے چھوٹے لمحوں میں خوشی تلاش کر لیتا ہے، دوسروں کے ساتھ مثبت تعلقات قائم رکھتا ہے، اور مشکلات کے باوجود امید کا دامن نہیں چھوڑتا۔ وہ اپنے تجربات سے سیکھتا ہے، تبدیلی کو قبول کرتا ہے، اور اپنے احساسات کو دبانے کے بجائے انہیں سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ ایک ’’اندرونی سکون‘‘ کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے، جو وقتی تفریح یا کامیابی سے کہیں زیادہ پائیدار اور گہری ہوتی ہے۔
خوشی اور صحت: ایک جامع جائزہ
خوشی انسانی زندگی میں ذہنی، جسمانی اور سماجی صحت کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہے۔ ذہنی اور جذباتی صحت میں جذبات کی پہچان، قبولیت اور ان سے سیکھنے کی صلاحیت اہم ہے؛ حال میں رہنے کا شعورذہنی سکون اور خود آگہی میں مدد دیتا ہے، جبکہ حد سے زیادہ مثبت رویہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔جسمانی صحت ،جزبات اور خوشی باہمی طور پر جڑی ہوئی ہیں: خوشی دباؤ والے ہارمونز جیسے کارٹیسولCortisol) ) کی سطح کم کرتی ہے، قوتِ مدافعت بہتر بناتی ہے اور دماغ میں خوشی کے کیمیائی مادے پیدا کرتے ہیں۔سماجی صحت خوشی کا ایک اہم عنصر ہے۔ مضبوط خاندانی نظام، دوستانہ تعلقات، اور باہمی تعاون افراد کو جذباتی سہارا اور زندگی سے اطمینان فراہم کرتے ہیں۔ جبکہ تشدد، سخت ثقافتی دباؤ اور غیر متوازن والدین کے رویے خوشی کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ آمرانہ یا لاپرواہ پرورش بچوں کی خود اعتمادی اور ذہنی سکون کو کمزور کرتی ہے-ارینج شادیاں بسا اوقات خاندان کے رشتے مضبوط کرتی ہیں، لیکن فرد کی آزادی اور پسند کو محدود بھی کر دیتی ہیں۔ خاندانی دباؤ، جہیز جیسے مسائل اور معاشرتی روایات اکثر شادی کو بوجھ بنا دیتے ہیں۔ اسی طرح مخصوص عمر میں شادی یا کامیابی جیسے سماجی تقاضے افراد میں ذہنی دباؤ اور عدم اطمینان پیدا کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا ایک طرف لوگوں کو قریب لاتا ہے، تعلقات مضبوط کرتا ہے اور احساسِ شمولیت دیتا ہے، مگر دوسری طرف یہ سماجی موازنہ، کمال پسندی کے دباؤ، سائبر بُلیئنگ اور حقیقت کے بگاڑ کے ذریعے احساسِ کمتری اور ڈپریشن بڑھاتا ہے۔ اس کا غیر متوازن استعمال وقت کا ضیاع اور حقیقی تعلقات کی کمزوری کا سبب بنتا ہے۔
پاکستان میں تقریباً ایک تہائی آبادی ڈپریشن اور اینگزائٹی کا شکار ہے، جن میں سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہیں۔ ہر سال قریباً 18 ہزار خودکشیاں رپورٹ ہوتی ہیں، زیادہ تر 30 سال سے کم عمر افراد میں، جن کی بنیادی وجوہات خاندانی جھگڑے، مالی مشکلات، تعلیمی ناکامیاں اور رشتوں کا دباؤ ہیں۔ جذباتی بے چینی، توجہ کی کمی اور محدود ذہنی صحت کے وسائل اس بحران کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔لیکن پاکستانی معاشرہ اس لحاظ سے منفرد بھی ہے کہ یہاں سماجی تعلقات، مہمان نوازی اور سخاوت کے ذریعے خوشی کے احساس کو فروغ ملتا ہے۔ڈان (Dawn, 2025) اور فرائیڈے ٹائمز (The Friday Times, 2025) کی رپورٹس میں بھی اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ پاکستانی عوام مشکلات کے باوجود خوش رہنے کا رجحان رکھتے ہیں، کیونکہ ان کے سماجی تعلقات انہیں جذباتی سہارا، اعتماد، اور امید فراہم کرتے ہیں۔
خوشی کو پروان چڑھانے کے طریقے:
خوشی کوئی پیدائشی تحفہ نہیں بلکہ ایک سیکھنے کا عمل ہے۔ روزمرہ کی عادات انسان کے احساسِ خوشی پر گہرے اثرات ڈالتی ہیں۔ خوشی کو بڑھانے کے چند اہم طریقوں میں ،جو ایک انسان خود اپنے طور پر کر سکتا ہے۔
جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر کرنےکےلیے
· باقاعدہ ورزش کریں: روزانہ کی واک یا عام جسمانی حرکات بھی دماغی کیمیکلز کو متوازن کرتی ہے، بے چینی کم کرتی ہے اور موڈ بہتر بناتی ہے۔
· معیاری نیند لیں: کم از کم 7 گھنٹے کی نیند کا ہدف رکھیں تاکہ ذہنی تناؤ کم ہو اور جذباتی توازن بہتر رہے۔
· مائنڈفُلنیس(Mindfulness) کی مشق کریں : گہری سانس لینے کی ورزش کریںتاکہ اسٹریس پر قابو پایا جا سکے اور حال کے لمحے میں جڑے رہیں۔
· صحت مند غذا اور پانی کا خیال رکھیں: غذائیت سے بھرپور کھانا ترجیح دیں اور کھانا چھوڑنے سے گریز کریں تاکہ توانائی اور موڈ مستحکم رہے۔
· روزانہ ’’شکرگزاری کی ڈائری‘‘ لکھنا یعنی دن کے مثبت لمحات کو نوٹ کرنا خوشی کو مضبوط بناتا ہے۔
· منفی خیالات کو چیلنج کریں: منفی خیالات کو پہچانیں اور ان کی جگہ مثبت جملے استعمال کریں، مثلاً: میں یہ سنبھال سکتا/سکتی ہوں۔
· مسکرائیں: مسکرانے سے دماغ میں مثبت ردِعمل پیدا ہوتا ہے۔
· موازنہ کرنا چھوڑیں: دوسروں سے اپنی زندگی کا موازنہ کرنے کے بجائے اپنے سفر پر توجہ دیں۔
خوشی کے لیے روزمرہ کے اقدامات
- روز کوئی پسندیدہ کام کریں: مطالعہ یا کھانا پکانے جیسے مشاغل کے لیے وقت نکالیں۔
- دوسروں سے جڑیں: اپنے پیاروں کے ساتھ وقت گزاریں یا چھوٹے نیک کام کریں۔دوسروں کی مدد کرنا بھی خوشی سے وابستہ کیمیائی مادے کے اخراج کو بڑھاتا ہے، جو دماغ میں مسرت پیدا کرتا ہے۔ خوشی اُس وقت ایک مستحکم کیفیت بن جاتی ہے جب انسان اپنی زندگی کو مقصد، محبت، اور خود آگہی کے ساتھ گزارتا ہے
- باہر وقت گزاریں: فطرت کے قریب رہنا اسٹریس کم کرتا ہے۔
- اسکرین ٹائم کم کریں: موبائل سے وقفہ لیں تاکہ دباؤ کم ہو اور حقیقت پر توجہ بڑھے
- اپنے ماحول کو منظم کریں: گھر کو ترتیب دیں تاکہ خوشگوار اور سکون بخش فضا بنے۔
تعلقات میں.......
· خود کو معاف کریں: ماضی کی غلطیوں کو چھوڑ دیں اور خود کو جیسا ہیں ویسا قبول کریں۔
· حدود مقرر کریں Toxic : لوگوں اور حالات سے فاصلہ اختیار کریں جو ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہوں۔
· مقصد تلاش کریں: ایسی سرگرمیوں میں شامل ہوں جو آپ کی اقدار سے ہم آہنگ ہوں اور کامیابی کا احساس دیں۔
بہت سے لوگ خوشی کے سفر میں اس لیے ناکام رہ جاتے ہیں کیونکہ وہ غلط اقدار کو ترجیح دیتے ہیں، جیسے دولت، شہرت یا طاقت۔ یہ عوامل وقتی تسکین تو د یتے ہیں مگرخوشی نہیں۔ عالمی سطح پر کی جانے والی تحقیق، خصوصاً (Gallup World Poll 2023) کے مطابق، خوشی کا بڑا حصہ سماجی تعلقات، زندگی کی معنویت، اور احساسِ تحفظ سے جڑا ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وہ ممالک جہاں افراد کو سماجی تعاون، اعتماد، اور انصاف پر مبنی ماحول میسر ہے، وہاں خوشی کی شرح نمایاں طور پر زیادہ پائی گئی۔ مثال کے طور پر، فن لینڈ مسلسل کئی سالوں سے دنیا کا سب سے خوش ملک قرار پایا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اس کے شہریوں کا باہمی اعتماد، سماجی ہم آہنگی، اور فلاحی نظام کی مضبوطی ہے۔ اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ خوشی صرف فرد کی اندرونی کیفیت نہیں بلکہ معاشرتی ڈھانچے اور تعلقات کا بھی گہرا اثر رکھتی ہے۔ جب افراد خود کو دوسروں سے منسلک، قابلِ قدر، اور سپورٹ یافتہ محسوس کرتے ہیں تو اُن کے اندر جذباتی استحکام، ذہنی سکون، اور اطمینانِ قلب پروان چڑھتا ہے، جو خوشی کو پائیدار بناتا ہے۔ اس کے برعکس، سماجی لاتعلقی، غیر مساوات، یا عدم اعتماد جیسے عوامل خوشی کے راستے میں بڑی رکاوٹیں ثابت ہوتے ہیں۔